الوداع پی ٹی آئی! پسرور میں بڑا سیاسی دھماکہ — عمر بسرا مسلم لیگ (ن) میں شامل، ڈیرہ بسرا ہاؤس میں طاقت کا بھرپور مظاہرہ پسرور(عمر زمار گھمن...
الوداع پی ٹی آئی! پسرور میں بڑا سیاسی دھماکہ — عمر بسرا مسلم لیگ (ن) میں شامل، ڈیرہ بسرا ہاؤس میں طاقت کا بھرپور مظاہرہ
پسرور(عمر زمار گھمن سے)تحصیل پسرور کی سیاست میں اچانک بھونچال آ گیا جب سابق نائب صدر یوتھ ونگ پی ٹی آئی پسرور عمر بسرا نے باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس اعلان نے مقامی سیاسی منظرنامے کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
یہ اہم اعلان ڈیرہ بسرا ہاؤس چاہ کھوکھراں میں منعقدہ ایک بڑے اور پرجوش سیاسی اجتماع کے دوران کیا گیا، جہاں کارکنان اور حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اجتماع میں نعرے بازی، جوش و خروش اور سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری ایریگیشن رانا فیاض خصوصی طور پر موجود تھے۔ انہوں نے عمر بسرا کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جماعت میں شامل ہونے والے نوجوان قیادت کے لیے سرمایہ ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، ترقی اور استحکام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور پسرور میں ترقیاتی کاموں کا نیا دور شروع ہوگا۔
عمر بسرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ علاقے کی ترقی، نوجوانوں کے بہتر مستقبل اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی سیاست کرنا چاہتے ہیں، اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی وہ پلیٹ فارم ہے جہاں سے حقیقی خدمت ممکن ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق عمر بسرا کی یہ شمولیت پسرور کی مقامی سیاست میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید اہم شخصیات بھی سیاسی وفاداریاں تبدیل کر سکتی ہیں، جس سے سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
اجتماع کے اختتام پر کارکنان نے بھرپور نعرے بازی کی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ یوں پسرور کی سیاست میں ایک نیا باب رقم ہو گیا جس کے اثرات آئندہ دنوں میں مزید واضح ہوں گے۔
کوئی تبصرے نہیں