Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE

Pages

بریکنگ نیوز

latest

حالیہ سیلاب نے حکومتی نظام کی نااہلی ثابت کر دی، حکمران طبقے اور عوام کے درمیان خلیج حائل ہے۔ سراج الحق

  جوہوباہرو ، ملائیشیا(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب نے حکومتی نظام کی نااہلی ثابت کر دی ہے۔ حکمران طبقے او...


 

جوہوباہرو ، ملائیشیا(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب نے حکومتی نظام کی نااہلی ثابت کر دی ہے۔ حکمران طبقے اور عوام کے درمیان خلیج حائل ہے۔   عوام کی مشکلات کا حل کسی حکمران کے پروگرام میں شامل نہیں،جماعت اسلامی کے پاس عوامی مسائل کے حل کا ایک پروگرام ہے ۔ قوم حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ہم عوامی حمایت سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔


سراج الحق دورہ ملائیشیا کے پہلے روز ریاست جوہوباہرو میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب کا اہتمام ملائشیا ء کی اسلامی پارٹی کے صوبائی مرکز میں کیا گیا تھا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے ڈائریکٹر آصف لقمان قاضی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ سراج الحق ملائیشیا کی اسلامی پارٹی کے سالانہ کنونشن میں بھی شرکت کریں گے۔پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلامی تحریکیں پوری دنیا میں ایک برادری ہیں جو امت مسلمہ میں بھائی چارے اور اخوت کو فروغ دیتی ہیں۔


انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر قسم کے قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ تمام پارٹیاں مرکز اور صوبوں میں برسراقتدار ہیں، لیکن دو، دو اور تین تین بار اقتدار میں آنے کے باوجود وہ قوم کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے حکومتی نظام کی نااہلی ثابت کر دی ہے۔ حکمران طبقے اور عوام کے درمیان خلیج حائل ہے۔ حکمران ایک پاکستان میں رہتے ہیں اور غریب عوام ایک دوسرے پاکستان میں۔ عوام کی مشکلات کا حل کسی حکمران کے پروگرام میں شامل نہیں۔ سیاسی پارٹیاں شخصیات اور خاندان کی غلامی کی طرف عوام کو بلا رہی ہیں۔


سراج  الحق  نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پاس خدمت کا ایک پروگرام ہے، جماعت اسلامی کے پاس عوامی مسائل کے حل کا ایک پروگرام ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس لاکھوں بے لوث کارکنان کی ایک فعال ٹیم موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے قرضوں کے بدلے میں پورے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی قسط ملنے پر پاکستان میں جشن منایا جاتا ہے حالاں کہ یہ افسوس کا مقام ہے۔ آج بھی کروڑوں بچے سکول جانے سے قاصر ہیں جن کے لیے بڑی سیاسی جماعتوں نے تعلیم کا کوئی بندوبست نہیں کیا۔پاکستانی حکمرانوں کا مطمح نظر اپنے اقتدار کو طول دینا ہے۔ ایک اسلامی مملکت ہونے کے باوجود تمام حکومتوں نے سودی نظام کے خاتمے سے انکار کیا جو واضح طور پر اللہ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔


امیرجماعت نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہر آزمائش میں قوم کی خدمت کو اولین ترجیح دی ہے۔ قوم حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان ہر آزمائش میں پورا اترنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم عوامی حمایت سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔


کوئی تبصرے نہیں