سیال کوٹ: "تعلیم پراجیکٹ" کے تحت اساتذہ کی جدید خطوط پر AI ٹریننگ جاری، تیسرے بیچ کی تربیت مکمل ضلع بھر کے منتخب شدہ پرائمری و...
سیال کوٹ: "تعلیم پراجیکٹ" کے تحت اساتذہ کی جدید خطوط پر AI ٹریننگ جاری، تیسرے بیچ کی تربیت مکمل
ضلع بھر کے منتخب شدہ پرائمری و ایلیمنٹری اسکولوں کے 857 فوکل پرسنز لیسن پلاننگ اور اسسمنٹ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کی تربیت حاصل کریں گے
ایجوکیشن آفیسرز محمد فیصل اور حافظ ابراہیم کا پیکٹا کلاسز کا دورہ، شرکاء کا بہترین انتظامات پر پرنسپل طارق جٹھول و اسٹاف سے اظہارِ تشکر
سیال کوٹ (حماز گھمن سے): پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) پسرور/سیال کوٹ کے زیرِ اہتمام اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) سیال کوٹ کے باضابطہ مراسلے کی روشنی میں ضلع بھر کے منتخب شدہ اساتذہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے "تعلیم پراجیکٹ" کے تحت مصنوعی ذہانت (AI) کے تعلیمی استعمال پر دو روزہ تربیتی ورکشاپس کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اس سلسلے میں آج تیسرے بیچ کی تربیت کامیابی سے مکمل ہو گئی ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق ضلع کے منتخب شدہ پرائمری اور ایلیمنٹری اسکول سے ایک پرائمری اسکول ٹیچر (PST) کو بطور AI فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے تاکہ مجموعی طور پر 857 اساتذہ کو تحصیل کی سطح پر فیس ٹو فیس تربیت فراہم کی جا سکے۔ تحصیل وار اعداد و شمار کے مطابق پیکٹا پسرور میں 298 ٹرینیز کے لیے 9 کلاسز اور 4 بیچز، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ماڈل ٹاؤن سیال کوٹ میں 263 ٹرینیز کی 8 کلاسز اور 4 بیچز، گورنمنٹ ہائی اسکول ڈسکہ میں 195 ٹرینیز کی 6 کلاسز اور 3 بیچز جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سمبڑیال میں 101 ٹرینیز کے لیے 3 کلاسز اور 2 بیچز ترتیب دیے گئے ہیں۔
23 نومبر سے شروع ہونے والا یہ تربیتی پروگرام یکم دسمبر 2026 تک روزانہ صبح 8:30 بجے جاری رہے گا، جبکہ 29 نومبر بروز اتوار تعطیل ہوگی۔ دو روزہ شیڈول کے تحت پہلا بیچ 23 تا 24 نومبر، دوسرا 25 تا 26 نومبر اور تیسرا بیچ 27 تا 28 نومبر کو مکمل ہو چکا ہے، جبکہ چوتھا اور آخری بیچ 30 نومبر تا یکم دسمبر کو منعقد ہوگا۔ تربیت کے دوران اساتذہ کو سبق کی منصوبہ بندی (Lesson Planning)، تعلیمی جائزہ (Assessment)، تدریسی مواد کی تیاری اور شمولیتی تعلیم (Inclusive Learning) میں AI کے محفوظ اور اخلاقی استعمال کی عملی تربیت دی جا رہی ہے۔ تربیت یافتہ فوکل پرسنز بعد ازاں اپنے اسکولوں کے دیگر اساتذہ کو ایل ایم ایس (LMS) پر سیلف پیسڈ AI کورس مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔
پیکٹا انتظامیہ نے ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ای اوز کو شرکاء کی 100 فیصد حاضری، سرکاری ڈریس کوڈ اور لیپ ٹاپ یا ٹیبلیٹ کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ پیکٹا پسرور میں ماسٹر ٹرینرزمحترمہ سیرت مشتاق، محترم فیصل شفیق مغل، محترم ملک شاہد اعوان، محترم شفاقت علی،محترم ضیاء الاسلام، محترمہ سنبل اور محترم شہریار اعجاز تربیتی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ تیسرے سیشن کے دوران پیکٹا سیالکوٹ کے ایجوکیشن آفیسرزمحترم محمد فیصل اور محترم حافظ محمد ابراہیم نے تربیتی کلاسز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، جس پر شریک اساتذہ نے بہترین سہولیات کی فراہمی پر پرنسپل پیکٹا سیالکوٹ محترم محمد طارق جٹھول، ایجوکیشن آفیسرز محترم محمد فیصل، محترم حافظ محمد ابراہیم اور دیگر اسٹاف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔











کوئی تبصرے نہیں