دلی میں کھلا دبستاں، یا ہتھیلی پر سرسوں جمانے کا فن شاباش !ڈاکٹر تصدق ملک تحریر: حافظ شفقت حماز ...
دلی میں کھلا دبستاں، یا ہتھیلی پر سرسوں جمانے کا فن
شاباش !ڈاکٹر تصدق ملک
تحریر: حافظ شفقت حماز گھمن۔
مصدق ملک دلی پہنچے تو گویا علم و دانش کا ایک مکمل دبستاں کھل گیا۔ دنیا نے انھیں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے شرکا سے مخاطب ہوتے دیکھا، پھر بھارتی میڈیا کے سوالات کے جنگل سے گزرتے دیکھا؛ پھر دنیا نے دیکھا کہ اس مردِ دانا کے لیے ہتھیلی پر سرسوں جمانا اور بال کی کھال اتارنا تو یوں ہے جیسے کوئی بائیں ہاتھ سے تسبیح کے دانے گن رہا ہو۔ بھارت پہنچتے ہی ہمارے اس ذہین وزیر کا استقبال سب سے پہلے بے لگام سوشل میڈیا نے ہذیانی شور و غوغا سے کیا۔ بے شمار بھارتی ڈیجیٹل انفلوئنسرز کی چیخیں فضا میں گونجتی سنائی دیں: "یہ تو وہی شخص ہے جو گرجا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنے والا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا، اور آج یہ ہماری سرزمین پر آ دھمکا ہے۔"
یہ سب کیا تھا؟ سیدھی سی حکمتِ عملی تھی کہ غیر ملکی مہمان کو قدم رکھتے ہی طیش دلا دیا جائے تاکہ اس کا پورا مشن پٹڑی سے اتر جائے۔ مگر ہوا اس کے بالکل برعکس! یہ منظر تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھا جا چکا ہے، اور اس کے ساتھ ہی سفارت کاری کی بساط پر ایک نیا، دلچسپ رجحان بھی جنم لے چکا ہے۔
مجھے جنرل پرویز مشرف کے دور کی ایک یاد تازہ ہو رہی ہے۔ جب دونوں ہمسایہ ملکوں کی افواج سرحدوں پر آنکھوں میں آنکھیں ڈالے سنگین کشیدگی میں کھڑی تھیں، تب پاکستان کے وزیر خارجہ عبد الستار اور بھارت کے وزیر خارجہ جسونت سنگھ کسی اجلاس کے سلسلے میں کابل میں تھے۔ عبد الستار سامنے آئے تو جسونت سنگھ نے ایک طنزیہ جملہ اچھالا: "کیسا محسوس ہوتا ہے جب کسی تیسرے ملک میں حریف کا سامنا ہو؟" وہ محض ایک اشتعال انگیز چھیڑ چھاڑ تھی جس کا مقصد سامنے والے کو بھڑکا کر کیمروں کے سامنے "سین" بنانا تھا۔ ٹھیک یہی حربہ مصدق ملک کے خلاف بھی آزمایا گیا۔ ایک بار نہیں، دو بار نہیں، بلکہ تین تین بار بھارتی کیمروں اور مائیکروفونز نے انھیں گھیرنے کی کوشش کی، اور ہر بار وہی گھسا پٹا سوال دہرایا گیا: دہشت گردی اور پاکستان کا مبینہ ربط۔ مصدق ملک ہر بار نفاست سے پہلو تہی کرتے رہے، یہاں تک کہ ایک مقام پر پھر محاصرے میں آ گئے۔ اس بار وہ ہلکا سا مسکرائے اور بولے: "ہم یہاں کثیر الجہتی مکالمے کے لیے تشریف لائے ہیں، آپ اسے محض دو طرفہ کشمکش بنا کر کیوں خراب کرنا چاہتے ہیں؟ کثیر الجہتی فورم کے آداب الگ ہوتے ہیں اور دو طرفہ تلخی کو ہوا دینا ایک الگ معاملہ۔ البتہ جہاں تک دہشت گردی کا دکھ ہے، اس نے ہمیں اندر تک زخمی کیا ہے۔ حالیہ برسوں میں ہم نے ہزاروں پیاروں کے جنازے اٹھائے ہیں۔ الزامات کی فہرست آپ کے پاس ہے تو کہنے کو بہت کچھ ہمارے پاس بھی موجود ہے۔ کیا یہ بہتر نہ ہوگا کہ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کے بجائے حقائق جانچنے کا کوئی شفاف اور غیر جانبدار نظام بنا لیا جائے؟"
حیرت انگیز طور پر، اپنی روایتی بے صبری کے برعکس بھارتی صحافیوں نے مصدق ملک کی یہ بات سکون سے سن لی۔ شفاف تحقیقات کے نظام جیسی معقول تجویز پر بڑے سے بڑا نقاد بھی آخر کیا اعتراض کر سکتا ہے؟ ہمارے بزرگ کہا کرتے تھے کہ اصل فن کار وہی ہے جو بات بھی کہہ دے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔ مصدق ملک نے بڑی چابکدستی سے یہ پیغام دے دیا کہ دہشت گردی کے الزامات یک طرفہ نہیں ہونے چاہئیں، اور ساتھ ہی یہ حقیقت بھی پورے وزن کے ساتھ بٹھا دی کہ دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار خود پاکستان رہا ہے جس نے مختصر عرصے میں ہزاروں قیمتی جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔
تاہم، ایس سی او کانفرنس کے اندر مصدق ملک کا اصل کمال اس سے بھی کہیں آگے تھا۔ بھارت کی موجودہ اقتدار کی راہداریوں اور اس کے فکری سرپرستوں کا پسندیدہ راگ یہی رہا ہے کہ باہر سے آنے والے حملہ آور یہ تھے اور وہ تھے۔ موجودہ بھارتی قیادت اور انتہا پسند تنظیموں کی نفرت کی پوری دکان اسی بیانیے کی اینٹوں پر کھڑی ہے۔ مصدق ملک نے اس بیانیے کا براہِ راست ذکر کیے بغیر ہی پورا میلہ سمیٹ لیا۔
بھارت کے وزیر ثقافت نے کسی موقع پر کہا تھا کہ ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے پرانے قلعے میں ایک کھدائی/خندق بنائی ہے اور وہ کھوج لگا رہے ہیں کہ تاریخ کے کس دور میں کون سے واقعات پیش آئے۔ مصدق ملک نے اسی جملے کو سیڑھی بنایا اور فرمایا کہ کاش اس کھدائی سے کچھ تاریخی سچائیاں بھی برآمد کر لی جائیں! اور وہ سچائی کیا ہے؟ دلی کے اسی تاریخی قلعے کی بنیاد باہر سے آنے والے ہمایوں نے رکھی، اور باہر ہی سے آنے والے شیر شاہ سوری نے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ یوں یہ حقیقت کھل کر سامنے آ گئی کہ باہر سے آنے والوں نے دلی سے کچھ چھینا نہیں، بلکہ دلی کو بہت کچھ عطا کیا ہے۔
دلی کے لال قلعے میں اپنی مختصر مگر پرمغز گفتگو کے دوران مصدق ملک نے اتنی گہری باتیں کہہ دیں جو برسوں لوگوں کے حافظے میں محفوظ رہیں گی۔ انھوں نے اقلیتوں کے خلاف تنگ نظر قوم پرستی کی اس عمارت کی بنیادیں ہلا کر رکھ دیں اور دو قومی نظریے کی سچائی پر ایک مضبوط مہر ثبت کر دی۔
یہ پورا کرشمہ آخر کیسے رونما ہوا؟ اس کی کنجی قومی زبان کی طاقت میں چھپی ہے۔ مصدق ملک ایک نہایت لائق ٹیکنو کریٹ ہیں، مگر ان کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ ان کی جڑیں اپنی مٹی میں گہری اتری ہوئی ہیں۔ وہ محض فکری روایت کے وارث نہیں بلکہ زبان و ادب کے بھی سچے عاشق ہیں؛ شاید اسی لیے ان سے ایک فکری و ادبی اپنائیت محسوس ہوتی ہے۔ ایک زمانے میں جاوید جبار کے خطابت کے انداز کی دھوم تھی، اور حسین حقانی کی روانیِ کلام کے بھی خوب چرچے رہے، مگر مصدق ملک نے بھارت کی سرزمین پر کھڑے ہو کر ایک نیا پیمانہ کھڑا کر دیا ہے۔ آنے والے وقت میں بیانیہ سازی، سفارت کاری اور قومی مؤقف کے ابلاغ میں ان کے اس انداز کا حوالہ ضرور دیا جائے گا۔
مصدق ملک انگریزی زبان پر بلاشبہ زبردست عبور رکھتے ہیں، مگر انھوں نے مرزا غالب کے اس شعر کی لاج رکھتے ہوئے کہ "پھرے ہے نیند نہیں رات بھر نہیں آتی"، اردو کو ذریعہ اظہار بنا کر اپنے کلام میں معنی کی گہرائی اور لطافت پیدا کر لی۔ وہ اپنی شستہ و شائستہ اردو میں مختصر، ستھرے اور بامعنی جملے ادا کرتے گئے اور اپنے ملک کا وقار بلند کرتے چلے گئے۔ ان کی اس کامیابی میں فکری پختگی کا حصہ اپنی جگہ، لیکن اردو زبان کے جادو کا حصہ شاید اس سے بھی زیادہ ہے۔
یہ بات بجا ہے کہ ایس سی او کے اس فورم پر ان کا بنیادی مخاطب بھارت اور اس کی تنگ نظر پالیسیاں تھیں، اس لیے اردو کا انتخاب نہایت موزوں تھا، مگر حقیقت یہ ہے کہ اگر کوئی باکمال مقرر کسی بھی عالمی منبر پر اردو میں بات کرے تو وہ اسی طرح وقار اور اثر پذیری کما سکتا ہے۔ بہتر یہی ہے کہ ہماری قیادت دنیا کے ہر بڑے فورم پر اپنی زبان میں اعتماد کے ساتھ بولے۔ یاد رکھیے، جب دلیل میں جان اور بات میں وزن ہو تو وہ کسی بھی زبان میں کہی جائے، دلوں پر اثر کرتی ہے، اور عالمی اجلاسوں میں معیاری ترجمے کا نظام موجود ہوتا ہے۔ ایس سی او کے ثقافتی مکالمے میں مصدق ملک کی کارکردگی نے اس حقیقت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ جب جب کوئی بااعتماد سفیر تہذیبی وقار اور دلیل کی مضبوطی کے ساتھ میدان میں اترا ہے، تب تب لفظوں نے تلواروں سے زیادہ گہرا اثر چھوڑا ہے۔ برصغیر کی تاریخ میں ایسی کئی گھڑیاں آئیں جب پیچیدہ لمحوں میں سنجیدہ مکالمے نے طوفانوں کا رخ موڑا، اور آج بھی جب پچھلے برس مئی کی پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں امریکا ایران تناؤ کے پس منظر میں سفارتی چیلنجز سامنے آئے تو دلی میں مصدق ملک کا یہ اندازِ بیاں ایک نئی امید بن کر ابھرا۔ بھارت کے حساس ماحول میں پاکستان کا مقدمہ اتنے وقار اور توازن کے ساتھ پیش کرنا یقیناً ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے۔ شاباش وزیر اعظم شہباز شریف، اور شاباش مصدق ملک!

کوئی تبصرے نہیں