اسلام آباد(صباح نیوز)چین کے صدر شی جن پنگ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے نام خیر سگالی کا پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے سیلاب متاثرین...
اسلام آباد(صباح نیوز)چین کے صدر شی جن پنگ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے نام خیر سگالی کا پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
ملکہ الزبتھ برطانیہ نے سیلابی صورت حال پر صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھا۔ تفصیلات کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے چین پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا، مجھے یقین ہے پاکستان کی حکومت اور عوام مشترکہ کوششوں سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پا لیں گے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژا لی جیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین پاکستان کو سیلاب سے متعلق امداد اور تعمیر نو میں مزید مدد دیگا، پاکستان میں تباہ کن سیلاب کی معلومات دل دہلا دینے والی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان موسمیاتی تزویراتی تعاون میں شراکت دار ہیں اور ایک دوسرے کے خوشی غم میں شریک ہیں، مشکل وقت میں دل کی گہرائیوں کے ساتھ پاکستان کے ساتھ ہیں۔ وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستانی ہم منصب سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان کو 4 ہزار خیمے، 50 ہزار کمبل اور 50 ہزار ترپالیں فراہم کی ہیں، پاکستان کو ہنگامی انسانی امداد کی اضافی کھیپ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے،
چینی ریڈ کراس پاکستان ریڈ کریسنٹ کو 3 لاکھ امریکی ڈالر نقد دے گی، آل پاکستانی چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن نے سیلاب ریلیف فنڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپیہ عطیہ دیا ہے۔ امید ہے پاکستانی اس آفت پر قابو پالیں گے اور جلد ہی اپنے گھر دوبارہ تعمیر کریں گے۔ ملک بھر میں ہونے والی بدترین بارشیں اور خوفناک سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں پر ملکہ برطانیہ بھی دل گرفتہ ہوگئیں۔ ملکہ الزبتھ برطانیہ نے سیلابی صورت حال پر صدر مملکت عارف علوی کو خط لکھا۔
خط میں انہوں نے پاکستان میں سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں متاثر ہونے والے تمام لوگوں کیساتھ ہیں۔ اپنے خط میں ملکہ برطانیہ کا کہنا تھا کہ خوفناک حالات سے نکلنے کیلئے پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، ان سے بھی ہمدردی ہے جوبحالی کی کوششوں میں مدد کیلئے کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب اور لامتناہی بارشوں کے بعد ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد برطانیہ نے 15 لاکھ پانڈز امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔

کوئی تبصرے نہیں